|
ایشیاء دنیا کا سب سے بڑا اور زیادہ آبادی والا براعظم ہے۔ یہ زمین کے کل رقبے کا 8.6 فیصد، کل بری علاقے کا 29.4 فیصد اور کل آبادی کے60 فیصد حصے کا حامل ہے۔
ایشیاء روایتی طور پر یوریشیا کا حصہ ہے جس کا مغربی حصہ یورپ ہے۔ ایشیاء نہر سوئز کے مشرق، کوہ یورال کے مشرق اور کوہ قفقاز، بحیرہ قزوین اور بحیرہ اسود کے جنوب میں واقع ہے۔
قرون وسطیٰ سے قبل یورپی ایشیاء کو براعظم نہیں سمجھتے تھے تاہم قرون وسطیٰ میں یورپ کی نشاۃ ثانیہ کے وقت تین براعظموں کا نظریہ ختم ہوگیا اور ایشیاء کو بطور براعظم تسلیم کر لیا گیا۔ افریقہ اور ایشیا کے درمیان سوئز اور بحیرہ قلزم کو سرحد قرار دیا گیا جبکہ یورپ اور ایشیا کے درمیان سرحد درہ دانیال، بحیرہ مرمرہ، باسفورس، بحیرہ احمر، کوہ قفقاز، بحیرہ قزوین، دریائے یورال اور کوہ یورال سے بحیرہ کارہ تک پہنچتی ہے۔
عام طور پر ماہر ارضیات و طبعی جغرافیہ دان ایشیاء اور یورپ کو الگ براعظم تصور نہیں کرتےاور ایک ہی عظیم قطعہ زمین کا حصہ قرار دیتے ہیں۔
جغرافیہ میں دو مکتبہ فکر ہیں ایک تاریخی حوالہ جات کے تحت یورپ اور ایشیا کو الگ براعظم قرار دیتا ہے جبکہ دوسرا یورپ کے لئے براعظم اور ایشیاء کے لئے خطے کا لفظ استعمال کرتا ہے۔ علاوہ ازیں یہ تنازعہ ایشیا بحرالکاہل خطے پر بھی کھڑا ہوتا ہے جہاں موجود جزائر میں سے چند براعظم آسٹریلیا کا حصہ مانے جاتے ہیں جبکہ چند ایشیا میں تسلیم کئے جاتے ہیں اس لئے ایشیاء کی حدود کا درست تعین کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔