ماہ پیکر کوسم سلطان (ترکی: Kösem Sultan) سلطنت عثمانیہ کی ملکہ اور والدہ سلطان تھیں۔ کوسم سلطان عثمانی تاریخ کی طاقتور و با اقتدار خواتین میں سے ایک تھیں۔ کوسم نے اقتدار کی یہ قوت تب حاصل کی جب وہ 1610ء میں عثمانی سلطان احمد اول کی محبوب زوجہ بنیں اور بعد ازاں قانونی بیوی ہونے کا درجہ حاصل ہو گیا۔ 1623ء میں وہ عثمانی سلطان مراد رابع کی تخت نشینی پر والدہ سلطان بنیں اور بعد ازاں اپنے دوسرے بیٹے سلطان ابراہیم اول کی تخت نشیں ہونے پر 1640ء میں دوبارہ اِسی عہدے پر فائز ہوئیں۔ ستمبر1651ء تک وہ سلطنت عثمانیہ کی بااَثر ترین خواتین اور طاقتور والدہ سلطان کے طور پر جانی جاتی تھیں۔[1]عثمانی تاریخ میں سلطنت خواتین کے عہد میں کوسم سلطان تقریباً 46 سال تک سیاسی و انتظامی معاملات میں دخل انداز رہیں۔ کوسم سلطان نے تقریباً 9 عثمانی سلاطین کا عہد حکومت دیکھا۔ سترہویں صدی عیسوی کے نصفِ اول تک وہ سلطنت عثمانیہ کا طاقتور ستون اور بنیاد خیال کی جاتی تھیں۔2 ستمبر1651ء کو ینی چری بغاوت میں انھیں قتل کر دیا گیا۔ قتل کے بعد انھیں عثمانی تاریخ میں والدہ معظمہ، والدہ مقتولہ، والدہ شہیدہ کے نام سے یاد کیا گیا۔[2] عثمانی مؤرخین انھیں کوسم والدہ کے نام سے یاد کرتے ہیں۔
ابتدائی حالات
کوسم کا پیدائشی نام اناستاسیا تھا اور وہ 1589ء میں یونان کے جزائر کے ایک علاقہ یعنی جزیرہ تینوس میں پیدا ہوئیں۔ نسلاً یونانی تھیں۔[3] خیال کیا جاتا ہے کہ کوسم کے والد غالباً جزیزہ تینوس کے ایک مسیحی راہب تھے۔[4][5] مؤرخین و محققین کی اکثریت نے اِس بات سے اتفاق کیا ہے کہ کوسم کے ابتدائی حالات پردہ خفا میں ہیں جن کے متعلق کچھ بھی جاننا ممکن نہیں ہے۔[6] مؤرخ امیلیا بوترووِچ کے مطابق کوسم یتیم تھی اور جب اُسے استنبول کے سلطانی حرم میں لایا گیا تو اُس کی عمر 15 سال تھی۔[7] عثمانی بوسنیائی گورنر نے اُسے حرم سلطانی کی خاطر غلام کی شکل میں استنبول روانہ کیا جبکہ وہ محض 15 سال کی تھی۔ اگر یہ خیال درست ہو تو اِس لحاظ سے کوسم سلطانی حرم استنبول میں غالباً 1604ء میں لائی گئیں۔اسلام قبول کر لینے کے بعد اُس کا نام ماہ پیکر رکھا گیا جس کا معنی ہے: چاند کی شبیہ والی۔[8] بعد ازاں سلطان احمد اول کی جانب سے انھیں کوسم سلطان کا خطاب تفویض کیا گیا۔[9]
خاصکی سلطان
سلطان احمد اول کے ابتدائی عہدِ حکومت میں حرم سلطانی کی خواتین کا اقتدار زیادہ بڑھا ہوا تھا۔ سابقہ سلطان محمد ثالث کی بیوی ملکہ صفیہ سلطان جو سلطان احمد اول کی دادی بھی تھیں، سلطنت عثمانیہ پر حد درجہ قابض و طاقتور ہو چکی تھیں۔ احمد اول نے اُن کا اثر و رسوخ ختم کرنے کے لیے جنوری1604ء میں انھیں معزول کر دیا اور مصطفیٰ اول کی معیت میں پرانے محل (اِیسکی محل، استنبول) بھجوا دیا گیا۔صفیہ سلطان کی معزولی کے بعد سلطان احمد اول کی والدہ خنداں سلطانوالدہ سلطان بن گئیں اور حرم سلطانی اور سلطنت عثمانیہ کے حوالہ سے اُن کی سیاسی مشاورت قبول کرلی گئی۔ مگر خنداں سلطان بھی کم عرصہ اِس عہدہ پر فائز رہیں اور 26 نومبر1605ء کو خنداں سلطان انتقال کرگئیں۔ سلطنت عثمانیہ کی دو با اقتدار ترین خواتین پے در پے حرم سلطانی اور سیاسی و انتظامی مشاورت سے دور ہوگئیں تو کوسم کے لیے اِقتدار میں آنے کا زریں موقع فراہم ہو گیا۔ سترہویں صدی عیسوی کے پہلے عشرہ میں (غالباً 1610ء) میں وہ سلطان احمد اول کے حرم سلطانی کی خوبصورت ترین کنیزوں میں شامل ہو چکی تھیں۔ مورخین کے مطابق وہ کنیزوں میں دوسرے یا تیسرے رتبہ پر خیال کی جاتی تھیں۔[10]
بحیثیتِ خاصکی سلطان کوسم سلطان احمد اول کی محبوب زوجہ تھیں اور اُس نے کئی 5 بیٹوں اور 4 بیٹیوں کو جنم دیا۔ اُس کا مقام و مرتبہ حرم سلطانی میں کافی بلند ہو گیا تھا اور اُس کا روزینہ ایک ہزار سلطانی آقچہ تھا۔ اولاد کی مختلف شاہی خاندانوں میں شادی بیاہ سے سیاسی تعلقات اُستوار کیے گئے۔باب عالی کے انگریزی سفیر کونتارینی (Contarini) نے اپنے روزنامچہ میں لکھا ہے کہ:
" اُس (کوسم سلطان) کی اِطلاع پر سلطان احمد اول کی جانب سے ایک خاتون کو سزا دی گئی جو کوسم سے حسد کیا کرتی تھی کیونکہ اُس کا ایک بیٹا سلطان سے تھا جس کے متعلق وہ تخت شاہی کا دعویٰ کرتی تھی" (دراصل یہ ماہ فیروز خدیجہ سلطان تھی جس کا فرزند عثمان ثانی بعد ازاں عثمانی سلطان بنا)۔[10]1610ء کے بعد سے مختلف سالوں میں کوسم سلطان احمد اول کی مشیر خاص کے طور پر بھی اپنی سیاسی و انتظامی قوت کو بڑھاتی رہی۔ متعدد بار اُس نے اپنا سیاسی مقام خطرے سے بچایا اور متعدد نقصانات برداشت کرنا پڑے۔[10] اُس کے ایک بہترین کاموں میں سے یہ ہے کہ اُس نے مصطفیٰ اول کو سلطان احمد اول کے ہاتھوں محفوظ رکھا کیونکہ عثمانی خاندان میں یہ اُصول رائج تھا کہ سلطان تخت نشینی کے وقت اپنے بھائیوں کو قتل کروا دیتا تھا تاکہ کوئی تخت کا دعویدار باقی نہ رہے۔ مصطفیٰ اول سے متعلق یہ اقدام کوسم کی سیاسی حکمت عملی کے باعث تھا کیونکہ سلطان احمد اول کی 1610ء تک کوئی نرینہ اولاد نہ تھی اور اگر سلطان بقیدِ حیات نہ رہتا اور مصطفیٰ اول قتل کیا جاچکا ہوتا تو عثمانی خاندان میں تخت نشیں ہونے کے لیے کوئی دوسرا شہزادہ نہ تھا۔
کوسم سلطان بحیثیتِ نائب السلطنت
کافی باہمت خاتون تھیں
سب سے پہلے مردا رابع کی نائبہ رہیں
اس کے بعد سلطان ابراہیم کی نائبہ
وفات
کہا جاتا ہے کے کوسم سلطان کو تورخان خدیجہ سلطان نے زہر دیا تھا جس کی وجہ سے ان کی وفات ہوئی۔