کلیمینس اسکندری کا حقیقی نام ططس فلاویس کلیمینس تھا۔ اس نے یونان، اٹلی اور مشرق میں فلسفہ کی تعلیم پائی تھی۔ وہ مسیحی ہو کر 190ء میں سکندریہ کے مدرسہ الٰہیات کا پرنسپل ہو گیا۔ اس زمانہ میں اس نے اپنی کتب تحریر کیں۔ وہ اپنی کتب میں یہودیوں، مشرکوں اور مسیحیوں کی کتابوں کا کثرت سے اقتباس کرتا ہے۔ چونکہ اسکندریہ علم و فضل کا دار العلوم تھا اور مسیحی کتبِ مقدسہ وہاں پڑھائی جاتی تھیں لہٰذا اس مصنف کی کتب کا خاص طور پر مطالعہ کیا گیا ہے۔ ان کتب کے انجیلی اقتباسات کا متن بھی پرانے سرُیانی اور قدیم لاطینی ترجموں سے متفق ہے۔