پولس رسول نے یہ خط کلسی شہر کی کلیسیا کو 60-61 عیسوی کے دوران لکھا تھا۔
پس منظر
جس وقت یہ خط لکھا گیا اس وقت پولس روم میں نظر بند تھا۔ کلسی شہر افسس سے تقریبا سو میل دور مشرق میں واقع تھا۔ وہ اس شہر میں کبھی نہیں گیا تھا۔ اُسے وہاں کی کلیسیا کا حال اُس وقت معلوم ہوا جب وہ اپنے دوسرے تبلیغی دورے کے سلسلے میں افسس میں مقیم تھا۔
کُلسی کی کلیسیا میں بعض ایسے عقائد پھیلے ہوئے تھے جو مسیحی عقائد کے خلاف تھے۔ وہاں کے مسیحیوں نے ایفردتس (اِپفُردِتُس) کو پولس کے پاس بھیج کر درخواست کی کہ وہ انھیں مسیح کی شخصیت کے بارے میں صحیح عقائد سے واقف کرائے۔ پولس نے جواب میں یہ خط لکھا اور تخلس کے ہاتھ روانہ کیا۔
مندرجات
پولس نے اِس خط میں بہت سی مفید باتیں لکھی ہیں اور خاص طور پر مسیح کی شخصیت کی تشریح کرتے ہوئے صحیح مسیحی عقائد پر روشنی ڈالی ہے۔ اُس نے کلسی کے مسیحیوں کو تاکید کی ہے کہ وہ اُن لوگوں سے خبردار رہیں جو مشرکانہ خیالات کو فلسفہ کی شکل میں پیش کر رہے ہیں۔