محمد عثمان بٹ (پیدائش: یکم ستمبر 1986ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے محقق ، نقاد، کالم نگار، ماہرِ تعلیم اور ماہرِ لسانیات ہیں۔ "اکیسویں صدی میں اردو لسانیات" ان کا نمایاں تحقیقی کام ہے۔ وہ 2009ء سے شعبۂ تعلیم سے وابستہ ہیں۔ انھوں نے بحیثیت پرنسپل، محکمہ تعلیم، حکومت پنجاب میں خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ وہ مختلف ٹریننگ اور ورکشاپ پروگرامز میں ٹرینر، ریسورس پرسن اور فوکل پرسن کی حیثیت سے بھی منسلک رہے۔ آج کل وہ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن لاہور میں شعبہ اردو کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
حالاتِ زندگی:
محمد عثمان بٹ یکم ستمبر 1986ء کو پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع سیال کوٹ کی تحصیل پسرور میں پیدا ہوئے۔ اُنھوں نے میٹرک کا امتحان گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 پسرور، سیال کوٹ سے نمایاں نمبروں سے پاس کیا۔ پھر انٹرمیڈیٹ اور گریجوایشن کے امتحانات ایف۔سی۔ کالج لاہور سے پاس کیے۔ پھر اُنھوں نے اکنامکس اور اُردو میں ماسٹر سطح کی تعلیم پنجاب یونیورسٹی لاہور سے حاصل کی۔ اِس کے بعد اُنھوں نے ایم۔فل۔اکنامکس کی ڈگری منہاج یونیورسٹی لاہور سے حاصل کی اور ایم۔ فل۔ اُردو کی ڈگری یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لوئر مال لاہور سے حاصل کی۔ایجوکیشن میں بیچلر اور ماسٹر کی سطح کی تعلیم اُنھوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد سے حاصل کی۔ اپنی پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز اُنھوں نے 2009ء میں استاد کی حیثیت سے کیا۔ محکمہ تعلیم میں اُنھوں نے بحیثیت استاد، ٹرینر اور ایڈمنسٹریٹر خدمات انجام دیں۔وہ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن لاہور کے ساتھ بھی کئی حیثیات سے منسلک ہیں۔ فروری 2012ء میں انھیں ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ پنجاب کی جانب سے نمایاں کارکردگی دکھانے پر اول پوزیشن سے نوازا گیا۔ 2020ء-21ء میں انھیں ضلع سیال کوٹ کے بہترین منتظم کے اعزاز سے نوازا گیا۔
نمایاں تحریریں:
محمد عثمان بٹ کی تحریروں کے نمایاں موضوعات میں جدید اُردو لسانیات کے مختلف مباحث، بین العلومی لسانیات، تنقید کے مختلف شعبے اور لسانیات کے علاوہ ساختیات، پس ساختیات، ردتشکیل اور تھیوری کے دیگر مباحث شامل ہیں۔ اُن کی نمایاں تحریریں درج ذیل ہیں:
حیاتِ ز خ ش: ایک جائزہ (2018ء)
اُردو کا آغاز اور ڈاکٹر خالد حسن قادری: ایک جائزہ (2020ء)