طبیعی علم الکائنات میں قدرت کو عظیم یکجائی نظریئے سے قیاس کرتے ہوئے عظیم وحدتی دور کائنات کی ابتدا میں ایک ایسا دور ہے جو پلانک دور کے بعد بگ بینگ کے لگ بھگ پہلے 10 کی قوّت نما -43 سیکنڈ میں شروع ہوا، جس میں درجہ حرارت عظیم یکجائی نظریوں کے مطابق بیان کردہ درجہ حرارت کے مماثل ہے۔ اگر عظیم یکجا توانائی کو 10 کی قوّت نما 15 GeV لیا جائے تو درجہ حرارت ١٠ کی قوّت نما ٢٧ کیلون سے زیادہ آتا ہے۔ اس دور کے دوران چار میں سے تین بنیادی قوّتیں - برقی مقناطیسی قوّت، مضبوط نیوکلیائی قوّت اورکمزور نیوکلیائی قوّت - بطور برقی نیوکلیائی قوّت کے متحد تھیں۔ قوّت ثقل برقی نیوکلیائی قوّت سے الگ ہو چکی تھی، طبیعیاتی خصائص جیسا کہ کمیت، بار، ذائقہ اور رنگی بار بے معنی تھے۔
عظیم وحدتی دور کا خاتمہ تقریباً بگ بینگ کے پہلے سیکنڈ کے 10 کی قوّت نما -36 حصّے کے بعد ہو گیا تھا۔ اس وقت تک کئی اہم واقعات وقوع پزیر ہو چکے تھے۔ مضبوط قوّت بنیادی قوّتوں سے الگ ہو چکی تھی۔ درجہ حرارت اس حد فاصل سے گر گیا تھا جس میں ایکس اور وائی بوسون تخلیق ہو سکتے تھے جبکہ باقی ایکس اور وائی بوسون انحطاط پزیر ہو گئے تھے۔ یہ ممکن ہے کہ اس انحطاطی عمل نے بقائے باریون اعداد کی خلاف ورزی کی ہو اور مادّہ کی تعداد کو ضد مادّے کی تعداد سے تھوڑا زیادہ بنا دیا ہو (مزید دیکھیے باریونی تالیف)۔ یہ قیاس بھی کیا جاتا ہے کہ اس عبوری مرحلے نے کونیاتی افراط کو شروع کیا ہوگا جس نے افراطی دور کے اختتام پر کائنات کے ارتقا میں اپنا تسلط قائم کیا تھا۔
مزید دیکھیے
حوالہ جات
- آل ڈے، جوناتھن (2001ء)۔ کوارک، لیپٹون اور بگ بینگ۔ انسٹی ٹیوٹ آف فزکس پبلشنگ۔ISBN 0-7503-0806-0.