روز واقعہ

روز واقعہ (انگریزی: The Fateful Day) ایک ایرانی فلم ہے۔ایران کے مشہور ڈائریکٹر شہرام اسدی نے 1994 میں فلم روز واقعہ بنائی تھی۔ یہ ممتاز ادیب بہرام بیضائی کی کتاب پر مبنی ہے اور ایران کی بہترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ اس میں ایران کے مقبول اداکاروں نے کام کیا تھا۔

کہانی

ایک مسیحی نوجوان ایک مسلمان لڑکی کی محبت میں مبتلا ہوکر اسلام قبول کرلیتا ہے۔ شادی کے دن اسے ایسی آوازیں سنائی دیتی ہیں جیسے کوئی اسے مدد کے لیے پکار رہا ہے۔ وہ شادی چھوڑ کر صحرا میں نکل پڑتا ہے۔ نوجوان، جس کا نام عبد اللہ النصرانی ہے، ایسے مقامات پر پہنچتا ہے جہاں اسے پتا چلتا ہے کہ جو شخص اسے مدد کے لیے بلارہا ہے، وہ وہاں سے گذرا ہے۔ ایک مقام پر کچھ لوگ ماتم کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ اس نے ان کے سردار سے پوچھا کہ آپ کس کے مرنے کا غم منا رہے ہیں۔ اس نے کہا کہ ہم مُردوں کا غم نہیں مناتے۔ سردار نے کہا کہ آج آسمان پر دو سورج ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ عبد اللہ اس بات پر یقین نہیں کرتا۔ وہ عبد اللہ کو بتاتا ہے کہ امام حسین یہاں سے گذرے تھے اور اس کے لیے گھوڑا چھوڑ گئے ہیں۔ عبد اللہ نے پوچھا کہ انھوں نے کوئی تلوار نہیں چھوڑی؟ جواب ملا، نہیں۔ عبد اللہ نشانات ڈھونڈتے ڈھونڈتے کربلا پہنچ جاتا ہے۔ عصر کا وقت تھا۔ لڑائی ختم ہو چکی تھی۔ یزیدی فوج گھوڑے دوڑا رہی تھی۔ خیمے جلارہی تھی۔ کچھ گھڑسواروں نے اسے گھیر لیا لیکن نہتا دیکھ کر چھوڑ دیا۔ تب عبد اللہ نے دو سورج ایک ساتھ دیکھے۔ ایک سورج غروب رہا تھا۔ دوسرا نیزے پر طلوع ہورہا تھا۔ عبد اللہ النصرانی کو معلوم ہوتا ہے کہ اسے تلوار اس لیے نہیں دی گئی کہ اسے جنگ نہیں کرنی تھی۔ اسے دنیا کو امام کی مظلومیت کے بارے میں آگاہ کرنے کی ذمے داری گئی ہے۔ روز واقعہ یا دا فیٹ فل ڈے یوٹیوب پر فارسی، انگریزی اور اردو زبانوں میں موجود ہیں۔

حوالہ جات

Strategi Solo vs Squad di Free Fire: Cara Menang Mudah!