بہاول شیر قلندر

سید بہاول شیر قلندر مشائخ قادریہ میں بڑے طویل العمر بزرگ ہوئے ہیں۔

نام و نسب

نام سید بہا الدین گیلانی۔ لقب بہاول شیر قلندر حجروی۔ سلسلہ نسب اس طرح ہے سید بہاول شاہ بن سید محمود بن سید علاؤ الدین المشہور زین العابدین بن سید مسیح الدین بن سید صدرالدین بن سید ظہیر الدین بن سید شمس الدین بن مؤمن بن سید مشتاق بن سید علی بن سید صالح بن سید قطب الدین بن سید عبد الرزاق بن سید شیخ عبد القادر جیلانی [1] آپ کے والد ماجد اور پھوپھی تبلیغِ اسلام کی غرض سے ہندوستان میں قصبہ بدایوں میں وارد ہوئے تھے۔ آپ کے والد اپنے وقت کے جید عالم و عارف تھے۔ عبادت و ریاضت زہد و تقویٰ میں اپنی مثال آپ تھے۔

پیدائش

مفتی غلام سرور لاہوری نے حدیقۃ الاولیاء میں تحریر فرمایا ہے: کہ آپ کی عمر مبارک دو سو پچاس برس ہوئی اور وصال 973ھ میں ہوا، تو اس لحاظ سے تاریخِ ولادت 723ھ، مطابق 1323ء بنتی ہے۔ آپ کی پیدائش بغداد معلیٰ میں ہوئی۔کم سنی میں میں والد کے ہمراہ ہندوستان ورود ہوا تھا۔

حصولِ علم

تعلیم و تربیت اپنے پدر بزرگوار سے پائی تھی۔ اِن کی وفات کے بعد پھوپھی نے جو اپنے وقت کی زاہدہ و عابدہ خاتون تھیں۔ انھوں نے اپنے سایۂ عاطفت میں لے لیا۔ تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی اور اس ذمہ داری کو احسن انداز میں پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔ اس وقت کے علوم مروجہ کی تعلیم کی تکمیل فرمائی۔

بیعت و خلافت

آپ سلسلہ عالیہ قادریہ میں شیخ عبدالجلال صحرائی کے خلیفہ تھے۔ آپ کا سلسلہ طریقت صرف نو واسطوں سے شہنشاہ بغداد سے متصل ہوتا ہے[2]

وفات

آپ کی وفات 18/شوال المکرم 973ھ مطابق مئی/1566ء کو بعہدِ جلال الدین محمد اکبر بادشاہ ہوئی مزار شریف حجرہ شاہ مقیم تحصیل دیپالپور ضلع اوکاڑہ میں ہے۔[3]

حوالہ جات

  1. تذکرۂ مقیمی صفحہ 63میاں محمد بخش۔ناشر میاں محمد بخش اکیڈمی ریڈچ انگلینڈ
  2. حدیقۃ الاولیاء:54،مفتی غلام سرور قادری، پروگریسو بکس اردو بازار لاہور
  3. خزینۃ الاصفیاء۔جلد اول صفحہ 198،مفتی غلام سرور لاہوری،مکتبہ نبویہ گنج بخش روڈ لاہور

Strategi Solo vs Squad di Free Fire: Cara Menang Mudah!