مسجد پیرس

مسجدِ پیرس
مسجدِ پیرس
بنیادی معلومات
متناسقات48°50′31″N 2°21′18″E / 48.84194°N 2.35500°E / 48.84194; 2.35500
مذہبی انتساباسلام
ملکفرانس
ویب سائٹwww.mosqueedeparis.net
تعمیراتی تفصیلات
نوعیتِ تعمیرمسجد
طرز تعمیرMudéjar style
تفصیلات
مینار1
مینار کی بلندی33میٹر
فائل:Paris-mosq-minar.jpg
مسجدِ پیرس کا مینار

مسجدِ پیرس فرانس میں تعمیر ہونے والی پہلی مسجد ہے۔ یہ فرانس کے دار الحکومت پیرس کے قدیم حصے میں واقع ہے۔ اس مسجد کا باقاعدہ افتتاح 15 جولائی 1926ء کو ہوا تھا اگرچہ اس میں پہلی نماز 1922ء میں پڑھی گئی تھی۔ یہ ایک ہیکٹر رقبے پر واقع ہے اور اس کا مینار 33 میٹر اونچا ہے۔ اس میں مدرسہ اور کتب خانہ قائم ہیں۔ اسے فرانس اور الجزائر کی حکومتیں مسجد کی ایک کمیٹی کی مدد سے مل کر چلاتی ہیں۔

تاریخ

فائل:Paris-masjid-se7n1.JPG
مسجدِ پیرس کا ایک صحن

اس مسجد کا پہلا منصوبہ فرانس کی افریقی کمیٹی نے 1895ء میں بنایا تھا مگر اس وقت فرانسیسی حکومت نے اسے منظور نہ کیا۔ 1916ء میں جنگِ ورداں (Bataille de Verdun) میں پچاس ہزار مسلمان فرانس کی طرف سے جنگ کرتے ہوئے ہلاک ہوئے۔ یہ جنگ جرمنی سے ہوئی تھی۔ اسی طرح پہلی جنگِ عظیم میں فرانس کی مدد کرتے ہوئے ایک لاکھ مسلمان ہلاک ہوئے جن کا تعلق زیادہ تر شمالی افریقہ کے ممالک مراکش، تیونس اور الجزائر سے تھا۔ اس وقت یہ ممالک فرانس کے زیرِ تسلط تھے۔ اس مدد کی وجہ سے فرانس کی حکومت نے مسجد کی تعمیر کا منصوبہ منظور کر لیا۔ حکومت فرانس لے اس کی تعمیر کے لیے روپیہ فراہم کیا۔ 1922ء میں تعمیر شروع ہوئی اور زیرِ تعمیر مسجد میں پہلی نماز پڑھی گئی۔ اس کا باقاعدہ افتتاح 15جولائی 1926ء کو فرانس کے اس وقت کے صدر گاستوں دومیغگ (Gaston Doumergue) نے کیا۔ یہ مسجد ایک سابقہ ہسپتال کی جگہ بنائی گئی جو پیرس کے مشہور باغِ اشجار (Jardin des plantes ) کے سامنے واقع تھا۔

طرزِ تعمیر

فائل:Paris-masjid-pitchi.jpg
مسجد کی دیوار پر نقش و نگار
فائل:Paris-masjid-inner-door1.JPG
مسجد کا ایک اندرونی دروازہ

اس مسجد کو مراکش کے شہر فاس کی مشہور مسجد القرویین کی طرح تعمیر کیا گیا ہے جو 859ء میں تعمیر ہوئی تھی۔ اس کا مینار ایک اور مسجد 'جامع القیروان الاکبر' (جو تیونس کی ایک قدیم مسجد ہے) کی طرز پر بنایا گیا ہے۔ اس کا بیرونی دروازہ اور اندرونی دروازے اسلامی طرزِ تعمیر کا عمدہ نمونہ ہیں۔ اس کے کئی صحن ہیں جن میں خوبصورت فوارے لگے ہوئے ہیں۔ اس میں ایک مدرسہ، ایک کتاب خانہ، ایک کانفرنس روم، نماز کے لیے ایک ہال اور ایک ریستوراں شامل ہیں۔ ریستوراں میں بہت سے مسلمان اور غیر مسلم عربی کھانے شوق سے کھاتے ہیں۔ مسجد کی دیواریں حسین کاشی کاری سے مزین ہیں۔ مسجد کے اردگرد گھر اور دفاتر کے قائم ہونے کی وجہ سے اس کا حسن چھپ سا گیا ہے۔ مگر مسجد کے اندر داخل ہونے کے بعد اس کا حسن سامنے آجاتا ہے۔ اسے بہت سے فرانسیسی اور غیر ملکی دیکھنے آتے ہیں۔

مسجد کا فرانس میں کردار

یہ مسجد مسلمانوں اور غیر مسلم فرانسیسیوں کے درمیان اتحاد اور محبت کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ دوسری جنگِ عظیم میں فرانس پر جرمنی کے قبضہ کے دوران یہ مسجد فرانس کی آزادی کی تحریک (résistance) کو تحفظ فراہم کرتی رہی ہے۔ اس مسجد میں پیراشوٹ سے نیچے اترنے والے برطانوی فوجیوں نے بھی پناہ لی تھی۔ اس کے علاوہ انھوں نے بہت سے یہودی خاندانوں کو بھی جرمنوں سے پناہ دیے رکھی جس کا جرمن افواج کو پتہ نہ چل سکا۔ ان پناہ گزین یہودیوں کی تعداد 1600 سے زیادہ تھی۔ ان کو مختلف طریقوں سے بچایا گیا۔ کچھ کو چھپا لیا گیا اور کچھ کے لیے جعلی دستاویزات مہیا کی گئیں کہ وہ مسلمان ہیں۔ کافی تعداد میں یہودیوں اور ان فرانسیسی عیسائیوں کو، جو جرمنوں کو درکار تھے، المغرب (الجزائر، تیونس، مراکش) یا جنوبی فرانس میں فرار کروایا گیا۔ اس وجہ سے بہت سے یہودی جرمنی کے عقوبت خانوں میں جانے سے بچ گئے۔ اس کے باوجود 1960ء کی دہائی میں فرانس کی فوج نے الجزائر میں بے شمار مظالم ڈھائے۔
موجودہ دور میں مسجد کو فرانس اور الجزائر کی حکومتوں کے تعاون سے اور ایک مسجد کمیٹی کی مدد سے چلایا جاتا ہے۔ اس سے فرانس کے مسلمانوں اور غیر مسلموں میں ایک خوشگوار رابطہ ہوتا ہے۔ مسجد کا ریستوراں ایک خاص کردار ادا کرتا ہے۔ بہت سے مسلمان ممالک کے وفود یہاں لائے جاتے ہیں تاکہ ان کو حلال کھانے مہیا کیے جائیں۔ اس کے علاوہ مسجد کا کانفرنس روم ایک ایسی جگہ ہے جہاں مسلمان اور غیر مسلم دونوں اکٹھا ہوتے ہیں اور ایسے درس اور جلسے ہوتے ہیں جو ان میں رابطہ بڑھاتے ہیں۔ زیادہ تر درس فرانسیسی زبان میں ہوتے ہیں۔ اس مسجد میں ہر قومیت کے مسلمان مل سکتے ہیں کیونکہ یہ پیرس شہر کی مرکزی مسجد ہے۔ اس کے علاوہ دیگر مساجد ہیں مگر وہ مختصر جگہ پر بعض جگہ ایک کمرہ پر مشتمل ہیں۔

سیاحت

مسجد سارا سال سیاحت کے لیے بھی کھلی رہتی ہے۔ اس میں عربی اور فرانسیسی زبانوں میں درس ہوتے ہیں جن میں غیر مسلم سیاح بھی شرکت کرتے ہیں۔ مسجد کا حلال کھانے کا ریستوراں خاص طور پر سیاحوں کو عربی یا شمالی افریقی کھانوں سے آشنائی فراہم کرتا ہے۔ مسجد کا کتاب خانہ تمام مذاہب کے محققین کے لیے کھلا رہتا ہے۔ ریستوراں میں ہی ایک عربی طرز کا حمام بھی قائم ہے۔ سیاحوں کے لیے مسجد کا نماز کا ہال، کتاب خانہ، صحن ہائے مسجد، دیواروں پر خوبصورت کاشی کاری اور آیات خاصی دلچسپی کا سامان مہیا کرتے ہیں۔

علامہ اقبال کی نظر میں

حکیم الامت علامہ محمد اقبال نے 1932ء میں دورۂ پیرس کے موقع پر اس مسجد کا دورہ کیا تھا اور بعد ازاں اپنے مجموعۂ کلام ضرب کلیم میں پیرس کی مسجد کے عنوان سے ایک نظم لکھی[1]:

مری نگاہ کمالِ ہنر کو کیا دیکھے

کہ حق سے یہ حرمِ مغربی ہے بیگانہ
حرم نہیں ہے، فرنگی کرشمہ بازوں نے
تنِ حرم میں چھپا دی ہے روحِ بت خانہ
یہ بت کدہ انہی غارت گروں کی ہے تعمیر
دمشق ہاتھ سے جن کے ہوا ہے ویرانہ

حوالہ جات

  1. کتاب: ڈاکٹر حمید اللہ مرتبہ محمد راشد شیخ، مضمون: ڈاکٹر محمد حمید اللہ۔ نقوش و اثرات، مصنف: ڈاکٹر سید رضوان علی ندوی۔ ناشر: المیزان پبلشرز، فیصل آباد

بیرونی روابط

مسجد تصویروں میں

بڑی تصویر کے لیے تصویر پر کلک کریں۔

Strategi Solo vs Squad di Free Fire: Cara Menang Mudah!