بونی کہکشاں ایک ایسی چھوٹی کہکشاں ہوتی ہے جو محض چند ارب ستاروں پر مشتمل ہو۔ ہماری کہکشاں جسے جادۂ شِیر کہا جاتا ہے، میں کم از کم 200 سے 400 ارب ستارے موجود ہیں۔ ہماری کہکشاں کے گرد گھومنے والی ایک اور کہکشاں جس میں 30 ارب ستارے ہیں کے بارے مختلف آراء ہیں۔ کچھ سائنس دان اسے بونی کہکشاں جبکہ کچھ اسے مکمل کہکشاں مانتے ہیں۔
بونی کہکشاں کی پیدائش
موجودہ نظریے کے مطابق بونی کہکشاں کی پیدائش تاریک مادے یا ایسی گیس سے ہوتی ہے جس میں دھاتیں موجود ہوں۔ تاہم ناسا کے بھیجے ہوئے خلائی تحقیق کے سیارے نے یہ ثابت کیا ہے کہ بغیر دھات کے محض گیس سے بھی بونی کہکشائیں بن رہی ہیں۔
مقامی بونی کہکشائیں
ایسی بونی کہکشائیں جو دیگر بڑی کہکشاؤں کے گرد گھوم رہی ہوں، مقامی بونی کہکشائیں کہلاتی ہیں۔ ایک مشاہدے کے مطابق ہماری کہکشاں کے گرد کم از کم 14 بونی کہکشائیں گھوم رہی ہیں۔
ہوبٹ / تاریک کہکشائیں
ایک نئی اصطلاح کے مطابق ایسی کہکشائیں جو بونی کہکشاؤں کی بہ نسبت کم روشن اور چھوٹی ہوں، ہوبٹ یعنی تاریک کہکشائیں کہلاتی ہیں۔
انتہائی مختصر بونی کہکشائیں
انتہائی مختصر بونی کہکشائیں ایسی کہکشائیں ہیں جو زیادہ سے زیادہ بیس کروڑ نوری سال چوڑی ہوں اور ان میں موجود ستاروں کی تعداد دس کروڑ سے زیادہ نہ ہو۔ ایسی کہکشائیں عام بونی کہکشائیں ہوتی ہیں جو دیگر بڑی کہکشاؤں کی قربت کی وجہ سے اپنی گیس اور کناروں پر موجود ستاروں سے محروم ہو چکی ہوں۔
|
ویکی ذخائر پر بونی کہکشاں
سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |